حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پونچھ /کشمیر۔ ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام امام بارگاہ شیعیان میں۱۹ ؍ جون کو ایک روزہ دینی تعلیمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا آغاز قاری احمد حسن(مکتب امامیہ پونچھ) نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ مولانا غلام مہدی مولائی انچارج شعبہ مکاتب تنظیم المکاتب نے بارہ گاہ رسالت مآبؐ میں نعت پاک پیش کی۔ مکتب امامیہ امام عصر ؑ محلہ آزاد پونچھ کے بچوں نے معروف ترانہ ’’سلام فرماندہ‘‘ پیش کیا۔
تصویری جھلکیاں: کشمیر میں تنظیم المکاتب کی جانب سے ایک روزہ دینی تعلیمی کانفرنس کا انعقاد
کانفرنس میں مکاتب امامیہ کے بچوں نے تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔ شعرائے کرام جناب مائل چندولوی ، مولانا دلکش غازی پوری اور جناب رضا مورانوی نے منقبت اور تعلیمی بیداری نظمیں پیش کی۔
مولانا سید صبیح الحسین رضوی رکن مجلس انتطام تنظیم المکاتب نے سورہ عصر کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے بیان کیا کہ قرآنی فیصلہ ہے کہ ہر انسان چاہے وہ کسی بھی رنگ و نسل کا ہو، کسی بھی ملک و ملت کا ہو وہ خسارہ میں ہے۔فائدہ اور نجات صرف اسی کا مقدر ہے جو ایمان لائے اور عمل صالح بجا لائے، ساتھ ہی حق و صبر کی تلقین کرے۔
مولانا صبیح الحسین رضوی نے روایت ’’امام محمد باقر علیہ السلام گرمی کی شدت میں اپنے کھیت میں مصروف تھے ۔ ایک صوفی نے اعتراض کیا کہ آپ دنیا کی طلب میں خود کو ہلاکت میں ڈال رہے ہیں تو امامؑ نےفرمایا : اگر میں اس راہ میں دنیا سے رخصت ہو گیا تو اللہ کی اطاعت میں خاتمہ ہوگا اور میرے اہل و عیال کسی کے محتاج نہ ہوں گے۔ ‘‘ بیان کرتے ہوئے فرمایا: دین نے ہمیں تعلیم دی ہے کہ ہم رزق حلال کے لئے کوشش کریں۔ کسی دوسرے سے توقع نہ کریں۔
آخر میں مولانا فیروز عباس مبارکپوری جوائنٹ سکریٹری تنظیم المکاتب نے مجلس عزا کو خطاب کیا۔کانفرنس میں نظامت کے فرائض مولانا اعجاز حسین انسپکٹر تنظیم المکاتب نے انجام دیئے۔
کانفرنس میں مولانا سید کیفی سجاد انسپکٹر تنظیم المکاتب ، مولانا سید توقیر حسین سینیئر انسپکٹر تنظیم المکاتب ، معاون کمیٹی تنظیم المکاتب کشمیر کے ذمہ داران و کارکنان کے علاوہ علاقہ کے علماء و مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔